پاکستان آرمی چیف سے بحرین کے نیشنل گارڈ کے سربراہ کی ملاقات
نیشنل گارڈ آف کنگڈم آف بحرین کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے ہفتہ کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ فوجی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کی حرکیات، انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور تربیتی تبادلوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سی او اے ایس نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے روایتی طور پر مضبوط دفاعی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور بحرین کے ساتھ فوجی تعلقات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔ آرمی چیف نے مشترکہ سیکورٹی چیلنجوں سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ معزز مہمان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کا اعتراف کیا۔ انہوں نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے کے لیے بحرین کے عزم کا اعادہ کیا۔